🌺 بچوں کا کتاب گھر کے لیے ایک بڑا اعزاز 🌺
موسمیاتی تبدیلی پر بچوں کے لیے لکھی گئی ڈاکٹر احتشام انور (سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب ) کی کتاب ”بچوں کی سبز کتاب“ شائع کرنے کا اعزاز ہمارے ادارے ”بچوں کا کتاب گھر“ کو حاصل ہوا۔ یہ کتاب ایجوکیشن کے حوالے سے عالمی شہرت یافتہ ادارے یونیسکو کے تعاون سے کثیر تعداد میں شائع کی گئی۔ اس وقت جنوبی پنجاب میں ساتویں جماعت کے طلبہ و طالبات کو بطور نصاب پڑھائی جا رہی ہے۔
رنگین تصاویر اور دیدہ زیب گرافکس سے آراستہ اس کتاب کی کہانی ایک لڑکے خضر اور لڑکی گُل کے کردار کے گرد گھومتی ہے، جو چھٹی اور ساتویں جماعت کے طالب علم ہیں اور موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں آگاہی پھیلانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
اس کتاب میں موسمیاتی تبدیلی اور اس سے جڑے متعلقہ معاملات جیسے جنگلات، زراعت، ہارٹی کلچر ، کچن گارڈننگ، پانی کی اہمیت اور دیگر مضمون شامل ہیں۔ بچوں کی ذہنی استعداد کے مطابق کتاب کو انتہائی آسان الفاظ میں لکھا گیا ہے۔ کتاب کے ہر باب کے تین حصے ہیں۔ ایک کہانی ہے، دوسرے حصے میں تجزیاتی سوالات ہیں جس میں بچہ اپنا ذہن لگا کر ان سوالات کے جوابات دے گا، اور تیسرے حصے میں دو پریکٹیکل ہیں۔ ایک سکول کے لیے اور ایک گھر کے لیے، جو اسے گھر والوں کے ساتھ مل کر کرنا ہے۔
کتاب کے مصنف ڈاکٹر احتشام انور نے ”بچوں کی سبز کتاب“ میں اپنے کثیر مطالعے اور مشاہدے کی روشنی میں مختلف عنوانات کےتحت مختصر مگر پُر اثر مکالمے کی شکل میں طلبہ کو موسمیاتی تبدیلی کے سلسلے میں آگہی کی طرف راغب کرنے کے لیے سر سبز و شاداب ماحول کی اہمیت، شجر کاری کی ضرورت، طریقہ کار اور اپنے تجربات کو جمع کیا ہے۔
پاکستان کے ثقافتی و موسمی تناظر میں یہ کتاب کہانی کی شکل میں خوب صورت اور جامع انداز میں لکھی گئی ہے۔
”بچوں کی سبز کتاب“ اپنے مواد کے ضمن میں خود کو صرف بچوں کی تعلیم تک محدود نہیں رکھتی بلکہ خاندان کے تمام دلچسپی رکھنے والے افراد کی ضروریات کو پورا کرتی ہے۔
معلومات اور طرزِ تحریر سے ڈاکٹر صاحب اپنے قاری کو متاثر کرتے اور دل و دماغ کو اسیر کرتے نظر آئیں گے۔
کتاب واقعی پڑھے جانے کے لائق ہے، یہ موٹیویشن دیتی ہے۔ ❤️
Reviews
There are no reviews yet.