اس کتاب میں اشتیاق احمدمرحوم نے کائنات کی مقدس ترین ہستیوں کے ایمان افروز واقعات کو اپنے مخصوص انداز میں اس قدر دلچسپ پیرائے میں تحریر کیا ہے کہ ہر واقعہ تجسس اور سبق آموزی کا خوبصورت امتزاج نظر آتا ہے۔ انھوں نے روایتی انداز سے ہٹ کر ہر قصے کو اپنے کرداروں کی زبانی بے حد دلکش اور آسان زبان میں پیش کیا ہے لیکن ایک نامور کہانی نویس اور ناول نگار ہونے کے باوجود انھوں نے ان عظیم ترین ہستیوں کے واقعات بیان کرتے ہوئے کہیں بھی احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔ واقعہ کا آغاز وہ چونکا دینے والے اور کچھ اس ڈرامائی انداز سے کرتے ہیں کہ پڑھنے والا اگلی سطروں کی طر ف کھنچتا چلا جاتا ہے ۔ کہیں صدیوں پرانی کسی کتاب سے کہانی شروع ہوتی ہے اور کہیں ایک شاندار تصویر سے۔۔۔ پھر جب کہانی کی پرتیں کھلتی ہیں تو پڑھنے والوں کی نظروں کے سامنے کسی اولوالعزم پیغمبر ں کی زندگی نمودار ہو جاتی ہے۔ لیکن اس مقام کے بعد اشتیاق احمد اپنے تخیل سے زیادہ قرآن اور حدیث کے مستند حوالوں پر اعتماد کرتے ہیں وہ ہمیشہ معتبر مواد کو سامنے رکھتے ہیں اور نہایت مربوط اور جامع انداز میں نہایت اختصار کے ساتھ بے حد دل چسپ اسلوب میں قصہ بیان کرتے چلے جاتے ہیں۔ یہ اُن کا ایسا شاندار کارنامہ ہے جس کی نظیر بچوں کے ادب میں کم نظر آتی ہے۔ کہانیوں کے عنوانات ایسے ہیں کہ بے سا ختہ توجہ کہانی کی طرف کھینچتے ہیں۔ مثلاً زمین پر پہلا قدم ،پرانی کتاب، انوکھے مہمان، بادشاہ کا خواب، پرانی لاش، تین سوال،پتھر کی گواہی وغیرہ وغیرہ۔
میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کتاب کو مقبول عام بنائے تاکہ انبیاء کرام علیہ السلام کی مبارک زندگی اور سیرت کے چراغوں سے ہماری زندگیاں منور اور تابناک ہوسکیں ۔آمین‘‘
غلام رسول زاہد ، ایڈیشنل آئی جی ،پنجاب پولیس
Reviews
There are no reviews yet.