ادہم شرقاوی نے قرآنی تعلیمات، اسلامی اقدار اور ایمانی فکر کی گہرائی کو برقرار رکھتے ہوئے انہیں عہدِ حاضر کے مزاج اور تقاضوں کے مطابق ایک نئے اور منفرد اسلوب میں پیش کرنے کا بیڑا اٹھایا۔ ان کا سب سے بڑا امتیاز یہ ہے کہ وہ نہایت گہرے اخلاقی، ایمانی اور فلسفیانہ موضوعات کو اس قدر سادہ، دل نشیں اور شستہ زبان میں بیان کرتے ہیں کہ عام قاری بھی بآسانی ان کے سحر میں گرفتار ہو جاتا ہے۔ اسی منفرد طرزِ فکر اور دل آویز اسلوب کے تحت انہوں نے اپنی شہرۂ آفاق “سلسلة الرسائل(پیغامات سیریز)” کی بنیاد رکھی، جس نے عرب دنیا کے علمی اور عوامی حلقوں میں غیر معمولی مقبولیت حاصل کر لی۔
ادہم شرقاوی کی یہ پیغامات سیریز دراصل روح سے روح تک کے ایک حسین سفر کی مانند ہے، جس کا آغاز انہوں نے ”رسائل من القرآن (پیغاماتِ قرآن)” اور ” رسائل من النبي (پیغاماتِ نبوی)” جیسی بے مثال کتابوں سے کیا۔ انہوں نے طویل اور بوجھل ابواب کے بجائے مختصر مگر پُراثر تحریروں اور دل میں اتر جانے والے پیغامات کی صورت میں اظہار کا ایسا اسلوب اختیار کیا جو آج کے مصروف، پریشان اور فکری انتشار کے شکار انسان کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ یہ کتابیں دیکھتے ہی دیکھتے عرب دنیا میں لاکھوں دلوں تک پہنچ گئیں اور نوجوان نسل کے ایک بڑے طبقے کو دوبارہ کتاب، فکر اور روحانی مطالعے کی طرف متوجہ کیا۔
بہت سے قارئین نے محسوس کیا کہ ان تحریروں نے ان کے سوالات کو زبان دی، ان کے دکھوں کو سمجھا اور زندگی کے ہنگاموں میں انہیں سکون کے چند لمحے عطا کیے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ نوجوان نسل، جو روایتی کتابوں سے دور ہوتی جا رہی تھی، ان پیغامات سے خاص طور پر وابستہ ہوئی اور انہیں غیر معمولی پذیرائی ملی۔
قاہرہ، ریاض اور شارجہ جیسے بڑے بین الاقوامی کتب میلوں میں ادہم شرقاوی کی کتب ہمیشہ قارئین کی خصوصی توجہ کا مرکز رہتی ہیں۔ اب یہ مقبولیت صرف عرب دنیا تک محدود نہیں رہی، بلکہ ان تحریروں کے آفاقی اور انسانی پیغام کی بدولت دنیا کی مختلف زبانوں میں ان کے تراجم کا سلسلہ جاری ہے۔ فرانسیسی، انگریزی، ترکی، اردو سمیت متعدد زبانوں میں ان کے افکار قارئین تک پہنچ رہے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا اور عالمی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی ان کی تحریروں کے اثرات نمایاں ہیں۔ لاکھوں قارئین ان میں اپنے دل کی آواز اور اپنے جذبات کی ترجمانی محسوس کرتے ہیں۔
اب یہ پیغامات سیریز اردو دان طبقے کے لیے کتابی صورت میں پیش کی جا رہی ہے، تاکہ اردو کے قارئین بھی ان فکر انگیز، روح پرور اور دل میں اتر جانے والے پیغامات سے فیض یاب ہو سکیں۔

Reviews
There are no reviews yet.