مصنف کا تعارف:مولانا محمدیوسف اصلاحی
تعارف:مولانا محمد یوسف اصلاحی ۹جولائی ۱۹۳۲ء کو ضلع اٹک (صوبہ پنجاب،پاکستان) کے قصبے ’پرملی‘ میں پیدا ہوئے۔ ابھی چار سال کے تھے کہ ۱۹۳۶ء میں ان کے والد محترم، شیخ الحدیث مولانا عبدالقدیم خان(متوفی:۱۹۸۹ء) اپنے اہل وعیال سمیت بریلی (یوپی) منتقل ہوگئے۔حفظ قرآن کے بعد آپ نےمدرسہ مظاہرالعلوم سہارن پورکا رخ کیا اور یوں دینی تعلیم کا آغاز ہوا، کچھ عرصہ وہاں زیر تعلیم رہے،پھر مدرسۃ الاصلاح سرائے میر میںچلے گئے جہاں آپ چار برس تک زیرتعلیم رہے اور وہیں سے سند فضیلت حاصل کی۔تعلیم سے فراغت کے بعد درس وتدریس سے عملی زندگی کا آغاز کیا۔
جماعت اسلامی ہند سے وابستگی:مولانامحمد یوسف اصلاحی۱۹۵۴ء میں جماعت اسلامی ہند کے رکن بن گئے اور ۱۹۵۹ء سے رام پور کو اپنا مستقل مستقر بنا لیا۔ جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے طویل عرصے تک رکن رہے۔
جامعۃ الصالحات کی ادارت:مولانا ابوسلیم عبدالحئی (متوفی: ۱۶ جولائی ۱۹۸۷ء) نے رام پور (اترپردیش) میں جامعۃ الصالحات کے نام سے طالبات کی ایک بہترین دینی، اقامتی درس گاہ قائم کی۔ جامعہ کے مدیر ومہتمم مولانا ابوسلیم خود تھے،ان کے انتقال کے بعد توسّل حسین خان صاحب مدیر رہےاور پھر ادارت کی ذمہ داری مولانا محمد یوسف اصلاحی نے سنبھالی اور آخری دم تک وہاں خدمات سرانجام دیں۔ طالبات کی یہ درس گاہ پورے ہند میں ایک مثالی درس گاہ کے طور پر اپنی پہچان رکھتی ہےاور خدمات انجام دے رہی ہے۔
تصنیفی خدمات:مولانا محمد یوسف اصلاحی کا سب سے بڑا کارنامہ ان کی نہایت مقبولِ عام کتابیں ہیں، جنھوں نے بلامبالغہ کئی نسلوں کو متاثر کیا ہے۔ ان کی کتاب ’’آدابِ زندگی‘‘ نصف صدی سے زیادہ عرصے سے اَن گنت مسلمان گھروں کی بک شیلف کا لازمی حصہ ہے۔ مائیں اپنی بچیوں کو شادیوں کے موقعے پر اس کتاب کا تحفہ اس اُمید کے ساتھ دیتی ہیں کہ اس کے مطالعے سے ان کی زندگیاں سلیقہ مند اور اسلامی آداب کی آئینہ دار ہوں گی۔ مولانا مرحوم کی کتابوں کی خصوصیت یہ ہے کہ وہ ہرطبقے میں مقبول ہیں۔ آسان، سادہ، لیکن دل کش زبان اور پُرکشش اسلوب میں بنیادی اسلامی تعلیمات کی ترسیل و ابلاغ کا جو ملکہ، اللہ تعالیٰ نے مرحوم کو عطاکیا تھا، اس کی نظیر مشکل ہی سے نظر آتی ہے۔
پراثر واعظ:مولانا محمدیوسف اصلاحی صرف قلم کے دھنی نہ تھے بلکہ انہوں نے خطابت کے میدان کو بھی فتح کیا ہوا تھا۔ان کی تقاریر میں ایک خاص کشش اور بلا کا اثر تھا۔ایک تقریر میں دُنیا کی حقیقت اور انسان کی ذمہ داری کوان لفظوں میں سمجھایا: ’’کویت کے محل پر ایک جملہ لکھا ہے: لَوْ دَامَتْ لِغَیرِکَ مَا وَصَلَتْ اِلَیْکَ، جس کا ترجمہ یہ ہے کہ ’’اگر یہ دُنیا کسی اور کے لیے دائمی ہوتی تو تم کو کبھی نہ ملتی۔‘‘ مراد یہ کہ اگر یہ محل تیرے پچھلوں کے لیے ہمیشہ کے لیے ہوتا تو تجھے نہ ملتا، اور تجھے اس لیے ملا ہے کہ پچھلے رخصت ہوگئے،جب ان کے لیے ہمیشہ کے لیے نہیں تھا، تو تجھے بھی سمجھنا چاہیے کہ یہ تیرے لیے بھی ہمیشہ کے لیے نہیں ہے۔‘‘
باوقار شخصیت:مولانا یوسف اصلاحی ایک خوش گوار شخصیت کے مالک تھے۔ آپ کی سنجیدگی میں وقار اور سماجی روابط میں دل بستگی تھی۔ لہجے میں نرمی کے باوجود، جملوں میں بلا کی قوت اور داخلی دنیا کو ہلادینے کی صلاحیت تھی۔ مجلس میں آپ شرکاء کی حوصلہ افزائی کرتے کہ سوال پوچھے جائیں اور اگر کسی چیز کے بارے میں معلومات کم ہوتیں تو بلاتکلف کہہ دیتے: ’’یہ بات معلوم نہیں لیکن معلومات حاصل کرکے بتادوں گا۔‘‘
ادبی خدمات:مولانا محمد یوسف اصلاحی صاحب نے اکتوبر۱۹۷۲ء میں رام پور سے ماہ نامہ ذکریٰ کا اجرا کیا اور اسے اپریل ۲۰۰۴ء سے ماہ نامہ ذکریٰ جدید کے نام سے دہلی سے شائع کیا جارہا ہے۔ اس میں لکھنے والوں کی تربیت اور پڑھنے والوں کی رہنمائی کا وافر سامان موجود ہے۔
تصانیف:مولانامرحوم نے چھوٹی بڑی چالیس کے قریب کتب تصنیف کیں۔ چند ایک کے نام یہ ہیں:۱۔ قرآنی تعلیمات ،۲۔ آدابِ زندگی ،۳۔ داعئ اعظم e،۔۴ آسان فقہ ،۵۔ روشن ستارے ، ۶۔شمعِ حرم ،۷۔ شعورِ حیات ،۸۔ تذکیر القرآن ،۹۔ تفہیم الحدیث،۱۰۔ گلدستۂ حدیث۔
وفات:وفات سے ایک ماہ پہلے سانس اور دل کی بیماری میںمبتلاتھے،آخر۲۱ دسمبر سن ۲۰۲۱ کو داعیٔ اجل کو لبیک کہتے ہوئے خالق حقیقی سے جاملے۔

Reviews
There are no reviews yet.