تعارف مصنف
مولانا جلیل احسن ندوی
مولانا جلیل احسن ندوی ایک بلند پایہ عالم، عربی زبان و ادب کے ماہر، قرآن فہمی کا ذوق رکھنے والے صاحبِ علم اور کامیاب مدرس تھے۔ ان کی زندگی کا بڑا حصہ تعلیم و تدریس، تصنیف و تالیف اور تحریکِ اسلامی کی علمی و فکری خدمت میں گزرا۔
حالاتِ زندگی اور حصولِ علم:مولانا جلیل احسن ندوی ،۲۵ جنوری سن ۱۹۱۴ کو،ضلع اعظم گڑھ کے ایک گاؤں کرمینی(Karmaini) میں پیدا ہوئے۔ ابھی چار سال کی عمر تھی کہ فالج کے مرض میں مبتلا ہوگئے، لیکن جسمانی معذوری ان کے حصولِ علم کے عزم و حوصلے میں رکاوٹ نہ بن سکی۔ ابتدائی تعلیم بلریا گنج کے مڈل اسکول میں حاصل کی، بعد ازاں دینی علوم کی تحصیل کے لیے خود کو وقف کردیا۔چنانچہ مدرسہ کنز العلوم، ٹانڈہ میں داخلہ لیا، جہاں پہلے قرآن مجید حفظ کیا اور پھر فارسی و عربی کی تعلیم حاصل کی۔ اعلیٰ تعلیم کے لیے جامعہ اسلامیہ، سورت کا رخ کیا اور وہاں درسِ نظامی کی تکمیل کی۔ بعد ازاں ۱۹۳۳ء میں دارالعلوم دیوبند تشریف لے گئے۔ وہاں مولانا اعزاز علی امروہوی سے ادب اور مولانا شبیر احمد عثمانی سے حدیث کا درس لیا۔عربی زبان و ادب میں مزید مہارت حاصل کرنے کے لیے دارالعلوم ندوۃ العلماء کا انتخاب کیا، جہاں مولانا محمد ناظم ندوی اور مولانا عبدالرحمن کاشغری ندوی سے استفادہ کیا۔ اس طرح مختلف علمی مراکز سے کسبِ فیض کرنے کے بعد آپ نے عملی زندگی میں تدریس کو اپنا میدانِ کار بنایا۔
تدریسی خدمات:مولانا جلیل احسن ندوی نے متعدد دینی اداروں میں تدریسی خدمات انجام دیں۔ ان اداروں میں مدرسہ اشاعت العلوم بریلی، مدرسہ مصباح العلوم بریلی، مدرسۃ الاصلاح سرائے میر اعظم گڑھ، جامعہ کاشف العلوم ہزاری باغ بہار، جامعۃالرشاد اعظم گڑھ اور جامعہ دارالہدیٰ محمدنگر آندھرا پردیش شامل ہیں۔ زندگی کے آخری دور میں آپ جامعۃ الفلاح، بلریا گنج اعظم گڑھ سے وابستہ ہوگئے، جہاں آپ کی علمی و تدریسی صلاحیتوں سے ایک طویل عرصے تک استفادہ کیا جاتا رہا۔
علمی خدمات:مولانا جلیل احسن ندوی ان اہلِ علم میں شامل تھے جنہوں نے مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی کی دعوت پر تحریکِ اسلامی کے قافلے میں شمولیت اختیار کی۔ آپ ۱۹۴۲ کے اواخر میں جماعت اسلامی کے رکن بنے اور اپنی علمی صلاحیتوں کو تحریک کی فکری و دعوتی ضروریات کے لیے وقف کردیا۔مولانا مودودی نے جماعت کے لٹریچر کو عربی زبان میں منتقل کرنے کے لیے دارالعروبہ کے نام سے ایک شعبہ قائم کیا تو مولانا جلیل احسن ندوی کو بھی اس کام کی دعوت دی۔ چنانچہ آپ نے یہ دعوت قبول کی اور جماعت کے اہم علمی لٹریچر کو عربی قالب میں ڈھالنے کی ذمہ داری نبھائی۔ اس سلسلے میں آپ نے ’’قرآن کی چار بنیادی اصطلاحیں‘‘ اور ’’اسلام کا نظامِ حیات‘‘ کا عربی ترجمہ کیا۔ ان تراجم کے ذریعے جماعت اسلامی کے افکار و نظریات کو عربی خواں طبقے تک پہنچانے میں مدد ملی۔
عربی زبان و ادب میں مہارت:مولانا جلیل احسن ندوی کو عربی زبان و ادب پر غیر معمولی دسترس حاصل تھی۔ وہ عربی کے بلند پایہ ادیب اور زبان کے دقیق مباحث سے گہری واقفیت رکھنے والے صاحبِ علم تھے۔ مولانا عبدالحفیظ بلیاوی نے اپنی معروف عربی اردو لغت ’’مصباح اللغات‘‘ کی ترتیب، تصحیح اور نظرثانی کے سلسلے میں مولانا جلیل احسن ندوی کے بھرپور تعاون کا اعتراف کیا ہے۔عربی لغت نویسی سے بھی انہیں خصوصی دلچسپی تھی۔ وہ ’’لسان العرب‘‘ کے طرز پر ایک جامع عربی اردو لغت مرتب کررہے تھے، تاہم زندگی نے وفا نہ کی اور یہ علمی منصوبہ نامکمل رہ گیا۔ ان کی یہ کاوش عربی زبان سے ان کی گہری وابستگی اور لغت نویسی کے میدان میں ان کی دلچسپی کا ثبوت ہے۔
تصانیف :مولانا جلیل احسن ندوی نے تصنیف و تالیف، علمی مضامین، تقاریر، مواعظ اور دروس کے ذریعے بھی گراں قدر خدمات انجام دیں۔ ان کی تصانیف میں ’’راہِ عمل‘‘، ’’زادِ راہ‘‘ اور ’’سفینۂ نجات‘‘ خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں۔ یہ تینوں کتابیں احادیث کے مجموعوں پر مشتمل ہیں اور انہیں غیر معمولی مقبولیت حاصل ہوئی۔
وفات:مولانا جلیل احسن ندوی ۸ جولائی سن ۱۹۸۱ کو بمطابق ۵ رمضان ۱۴۰۱ ھجری کو داعی ٔ اجل کو لبیک کہتے ہوئے سفر آخرت پہ روانہ ہوئے۔اللہ تعالیٰ ان کی تربت پہ رحمت کی باران فرمائے آمین!
راہ عمل
Author: Maulana Jaleel Ahsan Nadvi
Pages: 600
Binding: Card Cover
Size : 5.5×8.5
ISBN : 9786277414139
Categories: All Books, Islamic Books
Description
Reviews (0)
Be the first to review “راہ عمل” Cancel reply

Reviews
There are no reviews yet.